روزعرفہ

روزعرفہ
عرفہ کا دن بہت بڑی عید کادن ہے اگرچہ اس کو عید کے نام سے نہیں یاد کیا گیا، یہی وہ دن ہے جس میں خداوند عالم نے بندوں کو اپنی اطاعت و عبادت کی طرف بلایاہے، آج کے دن ان کے لئے اپنے جود و سخا کا دسترخوان بچھایا ہے اور آج شیطان کو دہتکارا گیا اور  وہ ذلیل و خوار ہوا ہے[۵]۔
روایت میں ہے کہ امام زین العابدین(علیہ السلام) نے روز عرفہ ایک سائل کی آواز سنی جو لوگوں سے خیرات مانگ رہا تھا آپ نے فرمایا: افسوس ہے تجھ پر کہ آج کے دن بھی تو غیر خدا سے سوال کررہا ہے حالانکہ آج تو یہ امید ہے کہ ماؤں کے پیٹ کے بچے بھی خدا کے لطف وکرم سے مالامال ہوکر سعید و خوش بخت ہوجائیں گے۔
اس دن کے چند اعمال ہیں :
۱۔ غسل
۲۔ زیارت امام حسین(علیہ السلام)، اگر کسی کو یہ توفیق حاصل ہو کہ اس دن امام حسین(علیہ السلام) کے گنبد کے نیچے ہو تو اس کا ثواب میدان عرفات میں رہنے والے حاجیوں سے کم نہیں ہے، بلکہ اس سے زیادہ ہے۔
۳۔ نماز عصرکے بعد دعاء عرفہ پڑھنے سے قبل زیر آسمان دو رکعت نماز بجالائے اور اپنے گناہوں کا اقرار و اعتراف کرے تاکہ اسے عرفات میں حاضری کا ثواب ملے اور اس کے گناہ معاف ہوں۔ اس کے بعد آئمہ طاہرین(علیہم السلام) کے حکم کے مطابق دعا پڑھے اور اعمال عرفہ بجا لائے اور یہ اعمال بہت زیادہ ہیں جنکا اس مختصر تحریر میں بیان ممکن نہیں ہے، حسب گنجائش ہم یہاں چند اعمال کا ذکر کر رہے ہیں۔
شیخ کفعمی نے مصباح میں فرمایا ہے کہ یوم عرفہ کا روزہ مستحب ہے، اس شرط پر کے دعاء عرفہ کے پڑھنے میں کمزوری آنے کا خوف نہ ہو، زوال سے پہلے غسل کرنا مستحب ہے اور شب عرفہ اور روز عرفہ زیارت امام حسین(علیہ السلام) مستحب ہے، زوال کے وقت زیر آسمان نماز ظہر و عصر نہایت خضوع اورخشوع سے بجالائے اس کے بعد دو رکعت نماز پڑھیں جس کی پہلی رکعت میں سورہ ٔحمد کے بعد سورۂ توحید اور دوسری رکعت میں سورۂ حمد کے بعد سورۂ کافرون پڑھیں، اس کے بعد چار رکعت نماز پڑھیں جس کی ہر رکعت میں سورۂ حمد کے بعد پچاس مرتبہ سورۂ توحید کی قرائت کریں[۷]۔
۴۔ صحیفہ کاملہ کی ۴۷ویں دعا پڑھیں۔
۵۔ امام حسین(علیہ السلام) کی دعائے عرفہ پڑھیں۔
۶۔ شیخ کفعمی نے جو تسبیحات ذکر کی ہیں انھیں پڑھیں، جن کی ابتدا”سبحان اللہ قبل کل احد” سے ہوتی ہے۔
۷۔ پیغمبر اکرم(صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) امام سجاد، امام باقر، امام صادق، اور امام کاظم(علیہم السلام) سے منقول دعائے عرفہ پڑھیں جن کو سید نے اقبال الاعمال میں ذکر کیا ہے۔
عرفہ کے دن عمل ام داؤود کی بھی بہت تاکید کی گئی ہے۔
عرفہ کے دن کے اعمال کو شیخ عباس قمی (رہ) نے مفاتیح الجنان میں تفصیل سے ذکر کیا ہے۔
عرفہ کا دن پورے سال میں عبادت اور دعا کے لحاظ سے ممتاز ہے، جس طرح کوئی بھی رات شب قدر کے برابر فضیلت نہیں رکھتی، روز عرفہ، سال کے دنوں میں مخصوص امتیاز رکھتا ہے۔
خدا ہم سب کو خضوع اور خشوع کے ساتھ اپنی بارگاہ میں اعمال انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.